فیصل واوڈا کا سخت بیان: یہ تو صرف آغاز ہے، 9 مئی کے شواہد سب کچھ بدل دیں گے

news-banner

پاکستان - 20 دسمبر 2025

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال محض ابتدا ہے، اصل شدت اور سنگین مراحل ابھی باقی ہیں، جبکہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق شواہد اور گواہیاں سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔

 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ دسمبر فیصلہ کن مہینہ ہے اور حالات سب کے سامنے واضح ہیں، مگر کچھ لوگ جان بوجھ کر حقیقت تسلیم کرنے سے انکار کرتے رہے۔

 

انہوں نے کہا کہ برسوں تک انہوں نے روکنے کی کوشش کی لیکن ان کی بات نہ مانی گئی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ معاملات اس نہج پر پہنچ گئے جہاں سے قانونی اور عملی واپسی ممکن نہیں رہے گی۔

 

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تکبر اور غلط فہمی نے سب کچھ تباہ کر دیا، اور جن سہاروں پر انحصار کیا گیا وہ بھی بکھرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اب اصل ذمہ دار کون ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر چند سیکنڈ کی ویڈیوز بنا کر جذبات کو بھڑکانے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اصل حقائق، شواہد اور گواہیاں ابھی منظرِ عام پر آنا باقی ہیں، اور یہ مرحلہ سب سے زیادہ فیصلہ کن ہوگا۔