براؤن یونیورسٹی فائرنگ کے بعد امریکا نے گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کر دیا

news-banner

دنیا - 20 دسمبر 2025

امریکا نے براؤن یونیورسٹی میں حالیہ فائرنگ کے واقعے کے بعد گرین کارڈ لاٹری پروگرام (ڈائیورسٹی ویزا پروگرام) معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نویم کے مطابق، فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص امریکا آنے کے لیے اسی لاٹری پروگرام کا استعمال کر کے گرین کارڈ حاصل کر چکا تھا۔

 

گرین کارڈ لاٹری پروگرام ہر سال دنیا کے اُن ممالک کے شہریوں کو امریکا میں مستقل رہائش کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں سے امریکا میں امیگریشن کی شرح کم ہو۔

 

 اس پروگرام کے تحت تقریباً 50 ہزار افراد قرعہ اندازی کے ذریعے گرین کارڈ حاصل کرتے ہیں، جس سے وہ امریکا میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور بعد میں شہریت کے لیے اہل ہو جاتے ہیں۔

 

واضح رہے کہ ملزم پرتگالی شہری کلاڈیو مانوئل نیویس ویلینتے 2017 میں اسی پروگرام کے ذریعے امریکا آیا تھا۔ اس نے براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کر کے 2 طلبہ اور 1 پروفیسر کو ہلاک اور 9 افراد کو زخمی کیا تھا۔