دنیا - 26 دسمبر 2025
وزیر داخلہ محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن نظام کا جائزہ
پاکستان - 21 دسمبر 2025
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دونوں وزرا نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن پراسیس سے متعلق رائے لی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے ایک اہلکار کو مؤثر کارکردگی پر شاباش دی اور حوصلہ افزائی کی۔
دورے کے دوران ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کے باعث فلائٹ کی بورڈنگ بند ہونے کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
مسافروں نے وزرا کو بتایا کہ امیگریشن کا عمل چند منٹ میں مکمل ہو رہا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا، تاہم پیشہ ور بھکاریوں یا نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی۔
دیکھیں

