دنیا - 26 دسمبر 2025
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارش و برفباری، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ
تازہ ترین - 21 دسمبر 2025
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد دس ماہ کے وقفے سے بارش ہوئی، تاہم بعض علاقوں میں بارش کے باعث دیواریں گر گئیں اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
کوئٹہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم سرد مگر خوشگوار ہو گیا۔
چمن، پنجگور، قلات، لورالائی، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور سرد ہوائیں چلنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی زیارت اور اطراف کے علاقوں میں مزید بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم نے شدت اختیار کر لی ہے۔
وادی سوات کے سیاحتی مقامات مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری جاری ہے، جس سے میدانی علاقوں میں بھی سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
برفباری کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے ملک بھر سے سیاح بڑی تعداد میں سوات کا رخ کر رہے ہیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہوئی، جس سے ہری پور، خانپور اور غازی میں موسم خوشگوار ہو گیا اور کسانوں نے سکھ کا سانس لیا کیونکہ بارش کو فصلوں کے لیے مفید قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ہے۔
ادھر وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ بارش اور برفباری کے نتیجے میں نیلم کے جنگلات میں لگی آگ بھی بجھ گئی ہے۔
دیکھیں

