دنیا - 26 دسمبر 2025
برفباری کے دوران سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح، ڈی پی او مری کا تمام انتظامات خود مانیٹر کرنے کا اعلان
تازہ ترین - 22 دسمبر 2025
مری پولیس کے ڈی پی او ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ برفباری کے موسم میں سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا مری پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی تمام سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی وہ خود کریں گے۔
ڈی پی او مری کے مطابق تعطیلات کے اختتام کے باوجود مری میں سیاحوں کا غیر معمولی رش برقرار ہے، جس کے باعث ٹریفک مینجمنٹ پلان کو مزید مؤثر اور متحرک بنا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مشکل سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے سیاحوں کو چند اہم حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کے دوران گاڑیوں کے ٹائروں پر اسنو چینز کا استعمال لازمی کریں تاکہ پھسلن اور حادثات سے بچا جا سکے۔ سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی کر کے فوٹوگرافی سے گریز کریں کیونکہ اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
ڈی پی او نے مزید ہدایت کی کہ سیاح مری آنے سے قبل گاڑی کی مکینیکل حالت مکمل طور پر چیک کریں، ایندھن وافر مقدار میں رکھیں اور دورانِ سفر گاڑی کے شیشے معمولی کھلے رکھیں تاکہ آکسیجن کی کمی نہ ہو۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے سیاحوں کو پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ مری پولیس مہمان نوازی اور خدمت کے جذبے کے تحت سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے، تاکہ برفباری اور رش کے باوجود سیاح محفوظ اور پُرسکون سفر کر سکیں۔
دیکھیں

