انڈر 19 ایشیا کپ کے ہیرو سمیر منہاس کے لیے بڑی خوشخبری، پی سی بی نے دو سالہ مکمل سپورٹ کا اعلان کر دیا

news-banner

کھیل - 22 دسمبر 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے سمیر منہاس کو ایک بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔

 

 بھارت کے خلاف فائنل میں تاریخی فتح کے بعد ٹیم منیجر سرفراز احمد نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ سمیر منہاس، ایمرجنگ ایشیا کپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے عرفات منہاس کے چھوٹے بھائی ہیں۔

 

سرفراز احمد نے بتایا کہ عرفات منہاس بھی ماضی میں انڈر 19 سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب سمیر منہاس نے بھی اسی روایت کو آگے بڑھایا ہے۔

 

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سمیر منہاس مستقبل میں بھی قومی سطح پر کھیلیں گے، تاہم ان کی ترقی کے لیے پی سی بی ایڈاپشن پروگرام انتہائی اہم ہے۔ 

 

چیئرمین پی سی بی نے سمیر منہاس کے دو سالہ اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ان کی مکمل سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔

 

واضح رہے کہ بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس پر انہیں میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔