بڑھتی عمر میں ہڈیوں کی مضبوطی: کیلشیم اور وٹامن ڈی سپلیمنٹس اہم، ماہرین کی ہدایات

news-banner

تازہ ترین - 22 دسمبر 2025

ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ ہڈیوں کی کمزوری اور فریکچر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کیلشیم اور وٹامن ڈی کی مناسب مقدار ضروری ہے۔

 

امریکہ کی ٹفٹس یونیورسٹی کی سینئر سائنس دان ڈاکٹر بیس ڈاؤسن ہیوز کے مطابق خواتین مینوپاز کے بعد ہر سال تقریباً 3 فیصد ہڈیوں کی بھرائی کھو دیتی ہیں، جبکہ مردوں میں 50 سال کے بعد یہ کمی تقریباً 1 فیصد سالانہ ہوتی ہے۔

 

 ہڈیوں کی کمزوری کے ساتھ وٹامن ڈی کی کمی پٹھوں کی طاقت اور توازن پر بھی اثر ڈالتی ہے، جس سے گرنے اور فریکچر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ 51 سال سے زائد خواتین اور 71 سال سے زائد مردوں کے لیے روزانہ 1200 ملی گرام کیلشیم، جبکہ 51 سے 70 سال کے مردوں کے لیے 1000 ملی گرام کیلشیم تجویز کی جاتی ہے۔

 

 وٹامن ڈی کی روزانہ مطلوبہ مقدار 51 سے 70 سال کے بالغ افراد کے لیے 15 مائیکروگرام اور 70 سال سے زائد کے لیے 20 مائیکروگرام ہے۔

 

غذائی ماہرین کے مطابق دودھ، دہی اور پنیر کیلشیم کے بہترین ذرائع ہیں، اور اگر روزانہ دو ڈیری سروِنگ ممکن نہ ہو تو 500 ملی گرام کیلشیم سپلیمنٹ مفید رہتی ہے۔

 

 شمالی علاقوں میں سردیوں کے مہینوں میں وٹامن ڈی کی کمی کے لیے 800 سے 1000 آئی یو روزانہ سپلیمنٹ تجویز کی جاتی ہے۔

 

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سپلیمنٹس کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے، کیونکہ بہت زیادہ کیلشیم گردوں میں پتھری کا خطرہ بڑھاتا ہے اور وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار فریکچر کے امکان کو بڑھا سکتی ہے۔