دنیا - 26 دسمبر 2025
وفاق سے بات دلیل پر ہوگی، صوبے کا حق لے کر رہیں گے: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
پاکستان - 22 دسمبر 2025
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ مذاکرات جذبات نہیں بلکہ دلیل اور منطق کی بنیاد پر ہوں گے، اور وہ صوبے کے حقوق کے لیے وزیراعلیٰ کے شانہ بشانہ بلکہ ان سے بھی آگے کھڑے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی میں کفن باندھنے اور جنازے پڑھنے کے دعوے کرتی رہی، مگر آج وہ تمام دعوے ہوا ہو چکے ہیں اور پارٹی کے بانی جیل میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ عناصر خود نہیں چاہتے کہ بانی باہر آئیں کیونکہ اس سے ان کی سیاسی حیثیت ختم ہو جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کسی سیاسی مخالف سے بات کرنے کو تیار نہیں تھے، مگر اب ان کی جماعت مذاکرات کی بات کر رہی ہے، جسے وفاقی حکومت نے وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبول کیا ہے۔
امن و امان پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج بے معنی ہے، اصل صورتحال کرم ایجنسی میں تشویشناک ہے جہاں امن کی شدید ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بھتہ خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور جہاں بھی غیر قانونی سرگرمیاں ہوں گی، ریاست سخت کارروائی کرے گی۔
صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے اور قانونی طریقے سے ویزا لے کر پاکستان آنا چاہیے، کیونکہ افغانستان کی سرزمین کو بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان چار دن میں بھارت کو مؤثر جواب دے سکتا ہے تو مٹھی بھر شرپسند عناصر کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔
دیکھیں

