2025 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم مکمل، ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین پلادی گئی

news-banner

تازہ ترین - 22 دسمبر 2025

سال 2025 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 46 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

 

 یہ مہم 15 سے 21 دسمبر تک جاری رہی۔

 

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) کے مطابق پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ 29 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی گئی، سندھ میں ایک کروڑ 6 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 71 لاکھ 57 ہزار سے زائد جبکہ بلوچستان میں 25 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

 

اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں تقریباً 2 لاکھ 74 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی۔

 

نیشنل ای او سی نے مہم کی کامیابی پر والدین، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار قوم کے اصل ہیروز ہیں جن کی محنت سے یہ ہدف حاصل ہوا۔