ویرات کوہلی کا علی باغ پریکٹس کے بعد نیٹ بولر کے آئی فون پر دستخط، ویڈیو وائرل

news-banner

کھیل - 22 دسمبر 2025

ممبئی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ علی باغ میں پریکٹس سیشن کے بعد ایک نیٹ بولر کے آئی فون پر دستخط کرتے نظر آ رہے ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار 21 دسمبر کو وجے ہزارے ٹرافی 2025-26 سے قبل علی باغ میں ہونے والے نیٹ پریکٹس سیشن کے اختتام پر ویرات کوہلی نے نیٹ بولرز کے ساتھ وقت گزارا۔ 

 

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نیٹ بولرز نے کوہلی کو گھیر رکھا ہے، جن میں سے ایک نے قلم پیش کیا جس پر کوہلی نے آئی فون پر آٹوگراف دیا اور بعد ازاں تصاویر بھی بنوائیں۔

 

رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی 50 اوورز کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شاندار واپسی کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں اور انہیں دہلی کے 20 رکنی اسکواڈ میں وجے ہزارے ٹرافی کے ابتدائی دو میچوں کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

 

ویرات کوہلی دہلی کی نمائندگی کرتے ہوئے آندھرا پردیش اور گجرات کے خلاف میچز کھیلیں گے، جو بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ 37 سالہ بلے باز نے آخری بار وجے ہزارے ٹرافی 2009-10 میں کھیلی تھی۔

 

واضح رہے کہ کوہلی نے حالیہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ناکامی کا سامنا کیا تھا، تاہم تیسرے میچ میں ناقابل شکست 74 رنز بنا کر فارم میں واپسی کی۔