صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز بنانے کا اعلان، جدید ہتھیاروں سے لیس ہوگا

news-banner

دنیا - 23 دسمبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اپنی بحری طاقت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا اور جدید ترین بحری جنگی جہاز تیار کر رہا ہے۔

 

 وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فورس ہے اور بحریہ میں ایک طاقتور طیارہ بردار جہاز شامل کیا جا رہا ہے۔

 

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ عظیم بحری جہاز جدید ترین گنز، ہائپر سونک میزائلوں اور لیزر سسٹمز سے لیس ہوگا۔

 

 انہوں نے کہا کہ امریکا کو نئے بحری جہازوں کی شدید ضرورت تھی اور اس وقت 15 جدید آبدوزیں اور 3 نئے بحری جہاز زیرِ تعمیر ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ آبدوز ٹیکنالوجی میں امریکا چین اور روس سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ تشکیل دے رہا ہے، سرحدیں محفوظ اور معیشت مضبوط ہے۔

 

 انہوں نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیریبین میں سمندری راستوں سے منشیات کی ترسیل میں 96 فیصد سے زائد کمی آئی ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکا، جس پر پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کہا کہ ٹرمپ نے 10 لاکھ جانیں بچائیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں 8 جنگیں رکوا چکے ہیں۔