نئے انتخابات کا مطالبہ پرانا ہے، حکومت کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی بنانا ہوگی: حافظ حمد اللہ

news-banner

پاکستان - 23 دسمبر 2025

جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ نئے عام انتخابات کا مطالبہ کوئی نیا نہیں بلکہ پہلے دن سے موجود ہے، اور اب حکومت کے خلاف دباؤ بڑھانے کے لیے منظم حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔

 

 انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں۔

 

 ایک جانب قومی کانفرنس کا اعلامیہ ہے اور دوسری طرف علیمہ خان کا بیان سامنے آتا ہے، جس سے ابہام پیدا ہو رہا ہے کہ کون سا مؤقف مستند ہے۔

 

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور بیرسٹر گوہر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، تو پھر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کیا قباحت ہے؟ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں نواز شریف سے بھی جیل میں ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جانی چاہیے، پی ٹی آئی ایک بڑی جماعت ہے اور اسے آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

 

مولانا فضل الرحمان سب سے پہلے یہی سوال کریں گے کہ بات کس سے کرنی ہے، کیونکہ ملک کو اجتماعی طور پر بحران سے نکالنا ضروری ہے۔

 

حافظ حمد اللہ نے زور دیا کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے واضح اسٹریٹجی بنانا ہوگی اور تحریک انصاف کو جلسوں اور مظاہروں کی اجازت دی جانی چاہیے۔ 

 

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت ایک جماعت کو جمہوری اسپیس کیوں نہیں دے رہی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا کیونکہ تقسیم سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

 

 پی ڈی ایم کی سربراہی اپوزیشن میں ہے، جو جماعتیں پہلے پی ڈی ایم کا حصہ تھیں انہیں بھی اپوزیشن میں آنا چاہیے، کیونکہ موجودہ نظام کے تحت ملک میں استحکام ممکن نہیں۔