شہباز شریف: سنجیدہ اور آئینی مذاکرات کے لیے حکومت تیار، بلیک میلنگ قابلِ قبول نہیں

news-banner

پاکستان - 23 دسمبر 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف خلوصِ نیت اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہو تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم غیر آئینی مطالبات اور دباؤ کی سیاست کے تحت کسی قسم کا ڈائیلاگ ممکن نہیں۔

 

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے فلور پر متعدد بار اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں، اور پی ٹی آئی کے اراکین کو ایوان کے اندر بھی بات چیت کی پیشکش کی جا چکی ہے۔

 

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

 

 وزیراعظم نے کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا اہم دن ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں اور کابینہ ارکان نے بھرپور محنت کی۔

 

شہباز شریف کے مطابق بولیاں سربمہر لفافوں میں موصول ہوئیں اور پورا عمل براہِ راست دکھایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

 

 انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے اس عمل میں نمایاں کردار ادا کیا، کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی مالی ٹرانزکشن ثابت ہو سکتی ہے اور اس کا دوبارہ کابینہ کے سامنے آنا ضروری ہے۔

 

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ (KSA) ملنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز سے پاکستان کی عالمی سطح پر عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

 

 انہوں نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ بھی شاندار کامیابیاں حاصل کرے گی۔