مریم نواز کا جائیداد کے مقدمات سے متعلق قانون کی معطلی پر ردعمل، قبضہ مافیا کو فائدہ قرار

news-banner

پاکستان - 23 دسمبر 2025

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے برسوں اور نسلوں تک چلنے والے جائیداد کے مقدمات کو 90 دن میں نمٹانے کے لیے بنائے گئے قانون کی معطلی پر سخت ردعمل دیا ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ یہ قانون دہائیوں سے ستائے گئے لاکھوں اہلِ پنجاب کو انصاف فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، مگر اس کی معطلی اعلیٰ عدلیہ کے طے شدہ مسلمہ اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔

 

پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اِمووبل پراپرٹی بل 2025ء کی معطلی پر بیان دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں نے یہ قانون طاقتور لینڈ اور قبضہ مافیا سے شہریوں کو نجات دلانے کے لیے منظور کیا تھا، جس کے ذریعے پہلی مرتبہ عام آدمی کو اپنی قانونی زمین اور جائیداد کے تحفظ کا مؤثر حق ملا۔

 

انہوں نے کہا کہ قانون کی معطلی سے براہِ راست قبضہ مافیا کو فائدہ پہنچے گا اور عوام اسے مافیا کی پشت پناہی کے مترادف سمجھیں گے۔

 

 ان کے مطابق یہ قانون مظلوم شہریوں کے تحفظ کی ضمانت تھا اور اس میں انتظامی و قانونی تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں شامل کیا گیا تھا۔

 

وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں تک اسٹے آرڈر چلتے رہتے ہیں، جبکہ یہ قانون کسی فردِ واحد کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے بنایا گیا تھا۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی معطلی سے انہیں ذاتی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا، بلکہ اصل نقصان ان شہریوں کو ہوگا جو قبضہ اور لینڈ مافیا کے ظلم کا شکار ہیں۔

 

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ قانون سازی صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے جسے محدود نہیں کیا جا سکتا۔

 

 ان کے مطابق اس قانون کو روکنے کا نقصان مریم نواز کو نہیں بلکہ غریبوں، مسکینوں، بیواؤں، بے سہارا اور مظلوم طبقے کو ہوگا، جنہیں اس قانون کے تحت فوری انصاف مل رہا تھا۔