ٹرمپ انتظامیہ کی نئی پیشکش: غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکا چھوڑنے پر 3 ہزار ڈالر اور مفت ٹکٹ

news-banner

دنیا - 23 دسمبر 2025

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑنے کے لیے مالی ترغیب دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ سال کے اختتام تک خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

 

محکمے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر غیر قانونی تارکینِ وطن CBP Home ایپ کے ذریعے خود کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے رجسٹریشن کرواتے ہیں تو انہیں اپنے آبائی ملک واپسی کے لیے مفت ہوائی ٹکٹ کے ساتھ 3 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

 

 اس سے قبل یہ رقم ایک ہزار ڈالر تھی جسے اب بڑھا دیا گیا ہے۔

 

ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکا نہیں چھوڑیں گے، انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکا میں داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال جنوری سے اب تک تقریباً 19 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑ چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد نے CBP ہوم پروگرام کے تحت خود واپسی کا راستہ اختیار کیا ہے۔