برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ میں سہولت کاری کے الزام میں 29 سالہ بھارتی شہری گرفتار

news-banner

دنیا - 23 دسمبر 2025

برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے ایک کیس میں سہولت کاری کے الزام پر 29 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

 یہ کارروائی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مشترکہ طور پر کی۔

 

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے برمنگھم کے اندرونی علاقے ہینڈز ورتھ میں چھاپہ مار کر مشتبہ شخص کو حراست میں لیا۔

 

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کو غیر قانونی امیگریشن میں سہولت فراہم کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ تاحال زیرِ حراست ہے۔

 

این سی اے اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے تفتیشی افسران ملزم سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، جبکہ چھاپے کے دوران متعدد الیکٹرانک آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

 

 ان آلات کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ انسانی اسمگلنگ کے ممکنہ نیٹ ورک اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

 

برطانوی حکام کے مطابق شبہ ہے کہ گرفتار شخص ایک منظم جرائم پیشہ گروہ سے منسلک ہے جو غیر قانونی طریقوں سے افراد کو برطانیہ منتقل کرنے میں ملوث ہے۔

 

 حکام نے واضح کیا کہ یہ گرفتاری سوشل میڈیا کے ذریعے غیر قانونی ہجرت کو فروغ دینے والوں کے خلاف جاری قومی مہم کا حصہ ہے۔