ڈھاکا میں میڈیا دفاتر پر حملے: مزید 9 مشتبہ افراد گرفتار، زیرِ حراست تعداد 28 ہو گئی

news-banner

دنیا - 23 دسمبر 2025

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں معروف اخبارات پروتھوم آلو اور دی ڈیلی اسٹار کے دفاتر پر ہونے والے پرتشدد حملوں کے سلسلے میں مزید 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اس کیس میں گرفتار افراد کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔

 

یہ گرفتاریاں ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کی ڈیٹیکٹیو برانچ نے کیں۔ پولیس کے مطابق زیرِ حراست افراد کا تعلق نوآخلی، رنگپور، چندپور، شریعت پور، میمن سنگھ، ڈھاکا، بھولا اور راجشاہی سمیت مختلف اضلاع سے ہے۔


ڈپٹی کمشنر (میڈیا) طالب الرحمٰن نے بتایا کہ تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، جبکہ اب تک کم از کم 31 افراد کی شناخت کی جا چکی ہے جو ان پرتشدد واقعات سے منسلک پائے گئے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق اس سے قبل 19 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے بعض پر میڈیا دفاتر میں لوٹ مار اور براہِ راست حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شب منظم گروہوں نے کاروان بازار میں واقع پروتھوم آلو اور ڈیلی اسٹار کے دفاتر پر طویل حملے کیے، جہاں شدید توڑ پھوڑ، آتش زنی اور قیمتی سامان کی لوٹ مار کی گئی۔

 

 آگ بجھانے کے لیے پہنچنے والی فائر سروس کی گاڑیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

اسی رات شایانوت عمارت کو نذرِ آتش کیا گیا، جبکہ اگلے روز معروف ثقافتی تنظیم اودھیچی کے دفاتر پر بھی حملہ کر کے آگ لگا دی گئی۔

 

پروتھوم آلو کی جانب سے تیجگاؤں پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی قوانین، اسپیشل پاورز ایکٹ، سائبر سیکیورٹی آرڈیننس اور تعزیراتِ بنگلہ دیش کے تحت اقدامِ قتل سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔


مقدمے میں 400 سے 500 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مزید گرفتاریاں متوقع قرار دی ہیں۔