ایشیز کے دوران انگلینڈ کھلاڑیوں کی مبینہ شراب نوشی، کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کا اعلان کر دیا

news-banner

کھیل - 23 دسمبر 2025

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایشیز سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔

 

 رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان کوئنزلینڈ کے ساحلی شہر نوسا میں چار راتیں قیام کیا، جہاں کچھ کھلاڑیوں کی سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے گئے۔

 

کچھ ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ بعض کھلاڑی نوسا اور برسبین میں دوران دورہ غیر ضروری حد تک شراب نوشی کرتے نظر آئے۔

 

 اگرچہ انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں ایڈیلیڈ میں بہتر کارکردگی دکھائی، لیکن سیریز میں وہ 0-3 سے شکست کھا گئے۔

 

انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ راب کی نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں کہ کھلاڑی کئی دن تک حد سے زیادہ شراب نوشی کرتے رہے تو یہ ناقابلِ قبول ہے اور اس معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ نوسا میں قیام پہلے سے طے شدہ تھا اور میڈیا کی موجودگی کے باعث تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر آئیں۔

 

اب انگلینڈ کرکٹ بورڈ الزامات کی تفصیلی تحقیقات کرے گا تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔