پاکستان معاشی استحکام کے بعد برآمدات پر مبنی ترقی کے دور میں داخل ہو چکا ہے: وزیر خزانہ

news-banner

کاروبار - 24 دسمبر 2025

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن معاشی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں معاشی استحکام کے بعد اب برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کا آغاز ہو رہا ہے۔

 

امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان نے کئی سال بعد پرائمری بجٹ سرپلس اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح جو ایک وقت میں 38 فیصد تک پہنچ چکی تھی، اب کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 14.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

 

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو کھپت پر مبنی ماڈل سے نکال کر برآمدات پر مبنی ماڈل کی طرف منتقل کر رہی ہے، آئی ٹی برآمدات 4 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہیں اور آئندہ پانچ برسوں میں ان کے دگنا ہونے کی توقع ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات جاری ہیں، جبکہ نجکاری اور ٹیرف اصلاحات سے عالمی منڈی میں پاکستان کی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

 

وزیر خزانہ کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے پیش کیا گیا "ایسٹ ایشیا مومنٹ" کا تصور پاکستان میں برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی تعلیم اور لیبر فورس میں شمولیت معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے۔

 

وزیر خزانہ نے بتایا کہ زراعت، معدنیات اور ڈیجیٹل معیشت سرمایہ کاری کے اہم شعبے ہیں، جبکہ ٹیتھیان کاپر بیلٹ عالمی سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ حاصل کر چکا ہے، پاکستان اب بحرانوں سے نکل کر مواقع کی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے۔