دنیا - 26 دسمبر 2025
سیاست ڈیڈلاک سے نہیں، مذاکرات اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے: رانا ثنا اللہ
پاکستان - 24 دسمبر 2025
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت کا راستہ ڈیڈلاک، محاذ آرائی اور تصادم کے بجائے بات چیت اور مذاکرات سے نکلتا ہے، اور ملک کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ چارٹر آف ڈیموکریسی اور چارٹر آف اکانومی جیسے قومی اتفاقِ رائے کے اقدامات کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ کابینہ اجلاس میں بھی واضح کیا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، جبکہ اس سے قبل پی ٹی آئی کو چار مرتبہ بات چیت کی دعوت دی جا چکی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار سال اقتدار میں رہنے کے باوجود کبھی اپوزیشن سے مذاکرات نہیں کیے اور ہمیشہ این آر او نہ دینے، ہاتھ نہ ملانے اور بات چیت سے انکار کی پالیسی اپنائے رکھی۔
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی آج بھی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست کے بجائے فتنہ، فساد اور انارکی کی راہ اختیار کی، اور ان کے دور حکومت میں بھی سیاسی برداشت اور مکالمے کا فقدان رہا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان کے بیانات بھی بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کا تسلسل ہیں، جبکہ 25 مئی 2022، 9 مئی اور 26 نومبر 2024 کے واقعات اسی سوچ کا نتیجہ تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر ملاقاتوں کو کنٹرول نہ کیا جاتا تو رواں برس بھی فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی جاتی، کیونکہ ان کی حکمت عملی تصادم اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری 2026 کو پہیہ جام ہڑتال کی بات بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے اور ریاست ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک سینئر سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے مسائل کے حل میں کردار ادا کیا ہے، اور ملک کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ یہی ہے کہ تمام فریقین بات چیت کی میز پر آئیں۔
دیکھیں

