پی آئی اے کی نجکاری: حکومت کو حاصل ہوں گے 55 ارب روپے، سرمایہ کاری کے لیے 125 ارب روپے مختص

news-banner

پاکستان - 24 دسمبر 2025

مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شفافیت، قومی مفاد اور کمپنی کی بہتری کو اولین ترجیح دی گئی۔

 

 انہوں نے کہا کہ اس عمل سے حکومت کو براہِ راست 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

 

محمد علی نے کہا کہ ٹرانزیکشن کا سب سے مشکل مرحلہ بہتر قیمت حاصل کرنا اور یہ یقینی بنانا تھا کہ نیا خریدار کمپنی میں سرمایہ کاری کرے اور اسے نظرانداز نہ کرے۔

 

 معاہدے کے تحت کمپنی کے اثاثوں کی مالیت 45 ارب روپے بنتی ہے، جبکہ 125 ارب روپے کمپنی میں سرمایہ کاری کی صورت میں لگائے جائیں گے، یوں پی آئی اے کی مجموعی ویلیوایشن 180 ارب روپے بنتی ہے۔

 

مشیر نجکاری کمیشن نے ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پورے عمل میں غیر معمولی تعاون فراہم کیا اور میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے حکومت کی حمایت کی، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔