دنیا - 26 دسمبر 2025
فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی سفارشات وفاقی کابینہ کو ارسال، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں بڑی بہتری متوقع
تازہ ترین - 24 دسمبر 2025
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی سے متعلق سفارشات حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہیں۔
ان سفارشات میں نیلامی کا ماڈل اور کم سے کم قیمت طے کرنے کی تجاویز شامل ہیں، جن سے ملک کے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل سروسز میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے آئندہ اجلاس یا سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کے 6 بینڈز نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ حکومت 300 میگا ہرٹز سے زائد اسپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے پرامید ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے فوری بعد انفارمیشن میمورنڈم جاری کیا جائے گا، جس کے بعد کمپنیوں کو 40 سے 45 روز دیے جائیں گے۔
فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 15 فروری سے قبل مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، اور یہ نیلامی میڈیا کی موجودگی میں کھلے عام مقررہ کم سے کم قیمت پر کی جائے گی۔
ملک کی تین موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں نیلامی میں حصہ لیں گی، جبکہ غیر ملکی کمپنیوں پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ 2600 میگا ہرٹز بینڈ کا 194 میگا ہرٹز پرائم اسپیکٹرم بھی نیلام کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق فائیو جی سروس اور معیار میں بہتری کے لیے کم از کم 100 میگا ہرٹز اسپیکٹرم درکار ہے، تاہم بھاری سرمایہ کاری کے باعث اسپیکٹرم کی قیمت نسبتاً کم رکھی جائے گی۔
ہر بینڈ کی بیس پرائس مختلف ہوگی، جس کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
منصوبے کے تحت 2026 میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہروں میں فائیو جی سروس شروع کرنے کا ہدف ہے، جبکہ پہلے سال انٹرنیٹ اسپیڈ کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 25 ایم بی پی ایس تک لے جانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
دیکھیں

