جامع قومی انرجی پلان کے لیے علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کرنے کی وزیراعظم کی منظوری

news-banner

کاروبار - 24 دسمبر 2025

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جامع قومی انرجی پلان کی تیاری کے لیے علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

 

 یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔

 

اجلاس میں اصولی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی انرجی پلان کی تشکیل وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کی جائے گی۔

 

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پالیسی میں صنعتوں کو کم لاگت بجلی کی فراہمی اور گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے۔

 

وزیراعظم نے ویلنگ چارجز کی نیلامی کے لیے فریم ورک گائیڈ لائنز کی بھی اصولی منظوری دی اور بجلی کے تقسیم کار اداروں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 

 انہوں نے زور دیا کہ وزارت خزانہ، موسمیاتی تبدیلی، صنعتی پیداوار اور پیٹرولیم کی سفارشات کو قومی انرجی پلان میں مؤثر طور پر شامل کیا جائے۔