صدر اور وزیراعظم کا قائداعظمؒ کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت، اصولوں پر عمل کی تجدید پر زور

news-banner

پاکستان - 25 دسمبر 2025

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

 

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ کا یومِ پیدائش عزمِ صمیم، انتھک جدوجہد اور قومی نصب العین کو یاد کرنے کا دن ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور مساوات کے علمبردار تھے اور یہی اقدار آج بھی ہمارے قومی سفر کی بنیاد ہیں۔ قائد کے اصول قومی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔

 

صدرِ مملکت نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے دوران قائداعظمؒ کی قیادت اور افکار ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔

 

 انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھتے ہوئے ان کی زندگی، جدوجہد اور وژن پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور ان کے نظریات کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔

 

 صدر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار کو اپناتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ کا یومِ پیدائش تجدیدِ عہد کا موقع ہے اور ان کے سنہری اصولوں پر انفرادی و قومی سطح پر عمل ناگزیر ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انصاف اور ہم آہنگی کا پیغام دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کی سیاسی بصیرت اور بے مثال قیادت نے قیامِ پاکستان کو ممکن بنایا۔

 

 انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملکی وقار، سلامتی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔