پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

news-banner

پاکستان - 25 دسمبر 2025

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت اور خوشیوں کے ساتھ منا رہی ہے۔ 

 

اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، عبادات اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

 

کراچی کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ لاہور بھر میں چرچز کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور کرسمس کی مناسبت سے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

 

 اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے گرجا گھروں کا رخ کیا، جہاں عبادات کے ساتھ ساتھ کرسمس شاپنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

 

کرسمس کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔ 

 

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس کا تہوار امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس تہوار کی خوشیاں تمام اہلِ وطن کے لیے ہیں اور دعا ہے کہ یہ کرسمس ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔

 

 انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان میں ایک فعال، مثبت اور پُرامن برادری کے طور پر قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے۔

 

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں مسیحی برادری کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔

 

 افواجِ پاکستان نے بھی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور قومی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔