محسن نقوی کا قائداعظمؒ کو خراجِ عقیدت، کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد

news-banner

پاکستان - 25 دسمبر 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی قانون کی بالادستی، حق گوئی اور اصول پسندی کی روشن مثال ہے۔

 

 بانیٔ پاکستان کے یومِ پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے دیانت، غیر متزلزل عزم اور انتھک جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔

 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے قائداعظمؒ کی جدوجہد تاریخ کا سنہرا باب ہے۔

 

 انہوں نے ناقابلِ یقین محنت سے قیامِ پاکستان کی تحریک کو ایک منظم جدوجہد میں تبدیل کیا اور مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت بنایا۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ریاست کی بنیاد قانون، مساوات اور مذہبی آزادی پر رکھنے کا واضح وژن دیا اور اقلیتوں کے حقوق پر خصوصی زور دیا۔

 

 انہی کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، جس کا احسان کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قائداعظمؒ کے زریں اصول ہمیں ایمانداری، خود احتسابی اور قومی یکجہتی کا درس دیتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کی جا رہی ہے کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنی عملی زندگی کا محور بنایا جائے، کیونکہ پائیدار ترقی اور خوشحالی قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے۔

 

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی۔ 

 

انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاد دہانی ہے۔ 

 

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے رواداری، ہمدردی اور احترام کا درس دیتی ہیں۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ مسیحی برادری کو اپنی مذہبی و ثقافتی رسومات مکمل آزادی کے ساتھ منانے کا حق حاصل ہے اور تعلیم، صحت، دفاع، سماجی خدمات اور قومی تعمیر میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

 

 انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی عزت، تحفظ اور مواقع فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔