دنیا - 26 دسمبر 2025
کریملن کی شرائط: یوکرین ڈونباس سے دستبردار ہو اور نیٹو میں شمولیت ترک کرے
دنیا - 25 دسمبر 2025
روسی صدارتی محل کریملن نے کہا ہے کہ یوکرین کو ڈونباس کے ان علاقوں سے دستبردار ہونا ہوگا جو اس وقت روس کے زیر کنٹرول ہیں، جبکہ نیٹو میں شمولیت کا ارادہ بھی ترک کرنا ہوگا۔
یوکرین کی جانب سے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد کریملن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس یوکرین کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنا مؤقف مرتب کرے گا۔
بیان کے مطابق روسی صدر کو امن معاہدے سے متعلق یوکرینی تجاویز سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حالیہ امریکی مذاکرات کے دوران امریکہ کے سامنے ایک جامع 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا۔
منصوبے کے مطابق امن کے بعد یوکرین کی فوج کی تعداد تقریباً 8 لاکھ اہلکاروں پر مشتمل ہوگی، جبکہ امریکہ، نیٹو اور یورپی ممالک کی جانب سے نیٹو کے آرٹیکل 5 جیسی سکیورٹی ضمانتیں فراہم کی جائیں گی۔
امن منصوبے میں یوکرین کی مستقبل میں یورپی یونین میں شمولیت کی تجویز بھی شامل ہے، اگرچہ اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
اس کے علاوہ عالمی امدادی پیکج، 800 ارب ڈالر کے بحالی فنڈ کے قیام اور امریکا کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ جلد مکمل کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
منصوبے میں یوکرین کی غیر جوہری حیثیت، زاپوروزھیہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی صورتحال اور تعلیمی پروگرام متعارف کرانے کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔
تاہم چند نکات پر امریکہ اور یوکرین کے درمیان تاحال اتفاق رائے نہیں ہو سکا اور مذاکرات جاری ہیں۔
صدر زیلنسکی کے مطابق یہ امن منصوبہ یوکرین کی عالمی سکیورٹی، معاشی بحالی اور یورپی مستقبل کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
دیکھیں

