صدرِ متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

news-banner

دنیا - 26 دسمبر 2025

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

 

 

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معزز مہمان کے استقبال کے لیے خصوصی اور بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

 دورے کے دوران یو اے ای صدر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاک یو اے ای تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

 صدر یو اے ای کے دورۂ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔

 

سینیٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی 26 دسمبر کو بند رہیں گی، جبکہ وفاقی آئینی عدالت نے بھی آج کی کاز لسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

 

 تاہم، ہسپتال، بینک، ضروری سروسز، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔