دنیا - 26 دسمبر 2025
خیبر پختونخوا میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک اضافہ، 2025 میں 87 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
تازہ ترین - 26 دسمبر 2025
خیبر پختونخوا میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال گزشتہ برس کے مقابلے میں 27 ہزار سے زائد اضافی کیسز سامنے آئے ہیں۔ سال 2025 کے دوران صوبے بھر میں کتے کے کاٹنے کے مجموعی طور پر 87 ہزار 364 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 60 ہزار 223 تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کیسز ضلع مردان میں رپورٹ ہوئے، جہاں 13 ہزار 328 افراد کتے کے کاٹنے سے متاثر ہوئے۔
پشاور میں صورتحال انتہائی سنگین رہی، جہاں 2024 میں 655 کیسز کے مقابلے میں 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر 4 ہزار 558 ہو گئی، یعنی ایک سال میں 3 ہزار 900 سے زائد نئے واقعات سامنے آئے۔
رپورٹ میں دیگر اضلاع کی صورتحال کو بھی تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔
سوات میں 7 ہزار 335، لکی مروت میں 7 ہزار 274، ایبٹ آباد میں 2 ہزار 683، ہری پور میں 3 ہزار 795، بونیر میں 3 ہزار 880، شانگلہ میں 2 ہزار 534 اور دیر لوئر میں 5 ہزار 576 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ چارسدہ میں 1 ہزار 233 جبکہ نوشہرہ میں 1 ہزار 731 واقعات سامنے آئے۔
ماہرین صحت نے کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آوارہ کتوں کی تعداد پر قابو پانے، مؤثر حکمت عملی اپنانے اور عوامی آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دیکھیں

