دنیا - 26 دسمبر 2025
روس کا مؤقف واضح: غزہ میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں فوجی تعینات نہیں کیے جائیں گے
دنیا - 26 دسمبر 2025
روس نے فلسطین، خاص طور پر غزہ میں ممکنہ بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کے تحت کسی کلاسیکی امن مشن میں اپنی فوج نہیں بھیجے گا۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان ماریہ زخارووا نے دنیا نیوز کے نمائندہ شاہد گھمن کے سوال کے جواب میں بتایا کہ اگرچہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 میں غزہ میں بین الاقوامی استحکامی افواج کی تعیناتی کا ذکر ہے، لیکن یہ کسی روایتی امن مشن کے قیام کا حکم نہیں دیتی۔
جب پوچھا گیا کہ آیا روس اقوامِ متحدہ یا کسی دوسرے بین الاقوامی فریم ورک کے تحت اپنی امن فوج بھیجنے پر غور کر رہا ہے، تو زخارووا نے کہا کہ روس اپنے فوجی اہلکار اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں بطور ’’بلیو ہیلمٹس‘‘ تعینات نہیں کرتا، البتہ فوجی مبصرین، عسکری مشیران اور امن دستوں کی تربیت کے ذریعے تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بریفنگ روسی وزارتِ خارجہ کی سال 2025 کی آخری پریس بریفنگ تھی، جسے خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے دوران نمائندہ نے زخارووا کو ان کی سالگرہ اور نئے سال کی مبارکباد بھی دی، جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔
دیکھیں
