کراچی میں بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ بنانے کے لیے 6 روزہ ڈی وارمنگ مہم، 60 لاکھ بچوں کو خوراک دی جائے گی

news-banner

تازہ ترین - 03 جنوری 2026

کراچی میں بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے چھ روزہ ڈی وارمنگ مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران شہر بھر میں 60 لاکھ بچوں کو بچاؤ کی دوا دی جائے گی۔

 

مہم کے تحت 5 سے 14 سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیاں شامل ہوں گے، جب کہ 15 سے 18 سال کی عمر کی بچیوں کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 

یہ مہم سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ گھروں تک بھی پھیلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک دوا کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ 

 

اس دوران 10 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز اور تربیت یافتہ عملہ مہم میں حصہ لے گا۔

 

پاکستان ڈی وارمنگ انیشی ایٹو کے سینئر پروگرام منیجر قدیر بیگ کے مطابق یہ کراچی میں ڈی وارمنگ مہم کی دوسری مرحلہ وار لانچنگ ہے، جو آئندہ ہفتے شروع ہوگی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑے پیمانے کا پروگرام ہے، جس کے تحت اب تک ملک بھر میں پچاس ملین سے زائد بچوں کو کور کیا جا چکا ہے، جبکہ اس مہم میں تقریباً ڈھائی لاکھ اساتذہ اور ہیلتھ ورکرز اور دو لاکھ سینتیس ہزار اسکول شامل ہو چکے ہیں۔