حکومت اپوزیشن سے مذاکرات اور جمہوری عمل کے فروغ کیلئے تیار ہے، رانا ثناء اللہ

news-banner

پاکستان - 07 جنوری 2026

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

 

 رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ فوج کا مینڈیٹ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنا نہیں، بلکہ سیاسی بات چیت صرف اور صرف سیاسی جماعتوں کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش موجود ہے، اب یہ پاکستان تحریک انصاف پر منحصر ہے کہ وہ بات چیت کا راستہ اپناتی ہے یا نہیں۔ 

 

ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے بجائے سڑکوں پر آنے کی بات کر رہے ہیں۔

 

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا 9 مئی جیسے واقعات، انارکی اور انتشار کو فروغ دینا ہے۔ 

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال ناکامی سے دوچار ہوگی اور عوام اسے مسترد کر دیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا افغانستان سے متعلق مؤقف غیر ذمہ دارانہ، قابل مذمت اور قومی مفادات کے منافی ہے۔