ملک بھر میں یکساں بجلی ٹیرف: نئے نرخوں کا نفاذ 15 جنوری سے متوقع

news-banner

کاروبار - 12 جنوری 2026

اسلام آباد: ملک بھر میں یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کے لیے نئے نرخوں کا اعلان جلد متوقع ہے اور 15 جنوری سے ان کا اطلاق ہو سکتا ہے۔

 

نیپرا میں وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں ہوئی۔ 

 

حکومت نے نئے کنزیومر ٹیرف کی درخواست کے ساتھ بجلی کے موجودہ نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز بھی پیش کی ہے، جس میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بھی یکساں ٹیرف شامل ہے۔

 

پاور ڈویژن کی بریفنگ کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے بجلی نرخ 26 فیصد کم ہو کر 46.31 روپے فی یونٹ ہو گئے ہیں۔

 

 قومی اوسط نرخ 42.27 روپے فی یونٹ ہو گئے ہیں، زرعی صارفین کے لیے 16 فیصد، کمرشل صارفین کے لیے 10 فیصد، جنرل سروسز کے لیے 12 فیصد اور بلک صارفین کے لیے 15 فیصد کمی کی گئی ہے۔

 

 آزاد جموں و کشمیر میں نرخوں میں 46 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

 

صنعتی صارفین نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ ٹیرف پر صنعت چلانا مشکل ہے اور کراس سبسڈی کو ختم کرنا چاہیے۔

 

 حکومت نے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور موجودہ سبسڈی کے ساتھ صارفین کو سہولت دی جائے گی۔

 

 نیپرا کی جانب سے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔