دنیا - 17 جنوری 2026
ایران کا جی سیون بیان مسترد، داخلی معاملات میں مداخلت اور اسرائیلی کردار کا الزام
دنیا - 17 جنوری 2026
ایران نے جی سیون ممالک کے حالیہ بیان کو اپنے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں تشدد اور دہشتگردی کے واقعات میں اسرائیل کے کردار کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران میں ہونے والے پُرامن احتجاج کو صہیونی حمایت یافتہ عناصر نے دانستہ طور پر پرتشدد رخ دیا۔
بیان کے مطابق 8 سے 10 جنوری کے دوران مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ امریکی اور اسرائیلی حکام کے بیانات تشدد کو ہوا دینے کے واضح ثبوت ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ ایران آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتا ہے،
تاہم شہریوں کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف قومی سلامتی کا دفاع ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جی سیون ممالک کا مؤقف مداخلت پسندانہ اور دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ انسانی حقوق کے نام پر تنقید کرنے والے ممالک خود سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب رہے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق فلسطینی عوام کی نسل کشی میں بھی جی سیون ممالک اسرائیل کے ساتھ شریک ہیں، اس لیے انہیں اخلاقی برتری کا دعویٰ حاصل نہیں۔
ایران نے مطالبہ کیا کہ جی سیون ممالک داخلی معاملات میں مداخلت بند کریں، ناجائز پابندیاں ختم کی جائیں اور انسانی حقوق کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
دیکھیں

