کاروبار - 19 جنوری 2026
امریکی ٹیرف کے باوجود چین کا ہدف حاصل، برآمدات کے سہارے معیشت نے 5 فیصد نمو دکھا دی
دنیا - 19 جنوری 2026
چین نے اعلان کیا ہے کہ اس کی معیشت نے گزشتہ سال 5 فیصد ترقی کی، جس کے ساتھ ہی بیجنگ نے اپنا سالانہ معاشی ہدف حاصل کر لیا۔
ریکارڈ تجارتی سرپلس اور برآمدات میں نمایاں اضافے نے امریکی ٹیرف دباؤ کے باوجود چینی معیشت کو سہارا دیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ مجموعی سالانہ نمو 5 فیصد رہی، تاہم 2025 کی آخری سہ ماہی میں معاشی رفتار سست ہو کر 4.5 فیصد تک آ گئی۔
حکومت نے اس سے قبل معاشی مشکلات، کمزور گھریلو کھپت اور طویل پراپرٹی بحران کے باوجود “تقریباً 5 فیصد” ترقی کا ہدف مقرر کیا تھا۔
تاہم بعض ماہرین نے سرکاری اعداد و شمار کی درستگی پر سوال اٹھایا ہے۔
کیپیٹل اکنامکس کی چین ماہر زیچن ہوانگ کے مطابق اصل معاشی نمو سرکاری دعوؤں سے کم ہو سکتی ہے اور اعداد و شمار میں کم از کم ڈیڑھ فیصد پوائنٹس کا فرق ہو سکتا ہے۔
ادھر چین میں آبادیاتی بحران بھی گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
نیشنل بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 2025 میں صرف 79 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوئی، جو 1949 کے بعد سب سے کم تعداد ہے۔
ملک کی مجموعی آبادی مسلسل چوتھے سال کم ہو کر 1.4 ارب رہ گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے چین نے دنیا کا سب سے بڑا تجارتی سرپلس رپورٹ کیا، جس کی مالیت 1.19 ٹریلین ڈالر رہی۔
یہ اضافہ زیادہ تر امریکہ کے علاوہ دیگر عالمی منڈیوں کو برآمدات بڑھنے کے باعث ہوا۔
حکام نے اعتراف کیا ہے کہ معیشت کو کمزور طلب، جائیداد کے بحران اور مقامی حکومتوں کے بڑھتے قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں گھروں کی قیمتوں میں 2.7 فیصد کمی ہوئی، جبکہ پراپرٹی سرمایہ کاری گزشتہ سال 17 فیصد سے زائد گھٹ گئی۔
چینی قیادت نے رواں سال گھریلو کھپت بڑھانے اور برآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے “فعال مالیاتی پالیسیوں” کا عندیہ دیا ہے۔
دیکھیں

