کاروبار - 19 جنوری 2026
"کوئی غلطی ہوگئی ہو تو معاف کردینا" گل پلازہ میں پھنسے دکاندار کا آخری پیغام سامنے آ گیا
دنیا - 19 جنوری 2026
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی خوفناک آگ پر 36 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، تاہم آتشزدگی کے باعث عمارت کے دو حصے منہدم ہو گئے۔
حادثے میں ایک فائر فائٹر سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو چکی ہے جبکہ 54 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک ایک بچے سمیت مزید پانچ افراد کے اعضا ملبے سے برآمد کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون شامل ہے جبکہ باقی تمام مرد ہیں۔
ناقابل شناخت لاشوں کو امانتاً ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کے مطابق مرکزی آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب بھڑکی اور تیزی سے پھیلتی چلی گئی، جس کے باعث عمارت کے دو حصے زمین بوس ہو گئے۔
ادھر سانحے کے دوران گل پلازہ میں پھنسے ایک دکاندار آفتاب کا اہلِ خانہ کو بھیجا گیا آخری پیغام منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
پیغام میں آفتاب نے لکھا کہ وہ شدید آگ میں پھنس چکا ہے، باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور آخر میں اہلِ خانہ سے کہا:
"کوئی غلطی یا کوتاہی ہو گئی ہو تو معاف کردینا۔"
یہ پیغام سامنے آنے کے بعد سانحے کی دردناک نوعیت مزید واضح ہو گئی ہے، جبکہ لاپتا افراد کے اہلِ خانہ بے چینی کے عالم میں اپنے پیاروں کی خبر کے منتظر ہیں۔
دیکھیں

