پاکستان - 24 فروری 2026
حکومت کا آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف میں 100 ارب روپے تک کمی کی درخواست کا فیصلہ
کاروبار - 24 فروری 2026
اسلام آباد: باوثوق ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو رواں مالی سال 2025-26 کے ٹیکس ہدف میں کمی کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت ٹیکس ہدف میں 100 ارب روپے تک کمی کی درخواست کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی سے جنوری تک مہنگائی اور معاشی شرح نمو کے تناظر میں ٹیکس وصولیوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ابتدائی طور پر کم از کم 50 ارب اور زیادہ سے زیادہ 100 ارب روپے تک ہدف کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے مذاکرات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں اور معاملہ اعلیٰ حکومتی سطح پر بھی زیر بحث آ چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ایف بی آر نئی ٹیکس عائد کیے بغیر مقررہ ہدف کے قریب پہنچنے کی حکمت عملی تیار کر رہا ہے، جبکہ منی بجٹ لانے سے گریز کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر عالمی مالیاتی فنڈ تجاویز سے اتفاق کرتا ہے تو موجودہ ٹیکس ہدف 13 ہزار 979 ارب روپے سے کم کر کے تقریباً 13 ہزار 879 ارب روپے تک لایا جا سکتا ہے۔
جولائی سے جنوری کے دوران ایف بی آر 7 ہزار 147 ارب روپے جمع کر سکا جبکہ مقررہ ہدف 7 ہزار 521 ارب روپے تھا، جس کے باعث 372 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے۔
حکام کو امید ہے کہ عید سے قبل تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے سیلز ٹیکس وصولیوں میں بہتری آئے گی، تاہم حتمی فیصلہ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
دیکھیں

