مریم نواز کے خلاف گندی اور گھٹیا سوشل میڈیا مہم کی مذمت، عظمیٰ بخاری کا سخت ردعمل

news-banner

پاکستان - 26 فروری 2026

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف جاری مبینہ گندی اور گھٹیا سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم ایک “فتنہ پارٹی” کی سوشل میڈیا بریگیڈ چلا رہی ہے۔

 

اپنے ویڈیو بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نام نہاد یوٹیوبرز، جو ملک سے باہر بیٹھے ہیں، اس مہم کے پیچھے ہیں اور جب ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو اسے سیاسی انتقام یا آزادیٔ اظہار پر قدغن قرار دیا جاتا ہے۔

 

 انہوں نے الزام لگایا کہ اس مہم میں بعض خواتین بھی شامل ہیں، جن کے اکاؤنٹس سے نازیبا اور توہین آمیز مواد پھیلایا جا رہا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ 2014 سے مریم نواز کے خلاف مسلسل گند پھیلایا جا رہا ہے، جبکہ کوئی سنجیدہ صحافی اس سطح کی پوسٹس کو اپنے اکاؤنٹ سے شیئر نہیں کر سکتا۔ 

 

عظمیٰ بخاری نے میڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنی زیادہ کوریج کے باوجود کسی نے یہ سوال نہیں اٹھایا کہ اس گندگی کا خاتمہ کیوں نہیں ہونا چاہیے۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس بھی بہت سی باتیں ہیں، مگر انہیں ایسی تربیت نہیں دی گئی کہ وہ ذاتی زندگیوں پر حملے کریں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی انداز میں ہی جواب دیں گے۔

 

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ کے خلاف ٹرانسپورٹ کے معاملے کو بہانہ بنانے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ کیا باقی وزرائے اعلیٰ رکشے استعمال کرتے ہیں؟ انہوں نے اپوزیشن پر دوغلے پن کا الزام لگاتے ہوئے ماضی کے دعوؤں اور اقدامات کا حوالہ دیا۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ان گندی مہمات سے متاثر نہیں ہوتیں اور عوامی خدمت پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔

 

 انہوں نے 41 ارب روپے کے رمضان پیکج، الیکٹرک بسوں، 103 ارب روپے کے آسان کاروبار قرضوں، دہی رانی پروگرام، ستھرا پنجاب کے تحت ڈیڑھ لاکھ نوکریوں اور ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر جیسے منصوبوں کا ذکر کیا۔

 

عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے عوام کے لیے 10 ارب روپے دیے اور سیلاب کے بعد 200 ارب روپے کا امدادی پیکج بھی دیا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ یہ گندی مہم مریم نواز کو نقصان نہیں پہنچا سکی، البتہ مہم چلانے والوں کو ضرور بے نقاب کر گئی ہے۔