دنیا - 04 مارچ 2026
بلوچستان میں امن و امان بہتر، ملکی سلامتی اولین ترجیح قرار
پاکستان - 04 مارچ 2026
کوئٹہ: چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور ملکی سلامتی و تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے۔
کوئٹہ میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج شدت پسند عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ قومی پیغام امن کمیٹی معاشرے میں مساوات، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا اور پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، جبکہ ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے اپنے تین روزہ دورۂ کوئٹہ کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں اور سیکیورٹی بریفنگز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی سے متعلق شواہد افغانستان کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر مولانا عبدالرحیم نے کہا کہ بلوچستان میں کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور عید کے بعد امن کے فروغ کیلئے دو روزہ خصوصی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جبکہ علامہ ہاشم موسوی نے بھی قیامِ امن کیلئے مکالمے کو بہترین راستہ قرار دیا۔
دیکھیں

