جنگ کا ساتواں روز: تل ابیب پر خیبر شکن میزائل سے حملہ

news-banner

دنیا - 06 مارچ 2026

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ ساتویں روز میں داخل ہو گئی، ایرانی پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل کے ذریعے تل ابیب پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اور میزائل داغے تاہم ان کے اہداف اور نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

 

 ایرانی فضائی دفاعی نظام نے 7 اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

 

ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 500 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل اور 2 ہزار سے زیادہ ڈرونز فائر کیے جا چکے ہیں جن میں سے تقریباً 60 فیصد امریکی افواج جبکہ 40 فیصد اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال ہوئے۔

 

جنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران میں 1230 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایران اور حزب اللہ کے حملوں میں 11 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ 

 

جوابی حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

 

ادھر امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں ایران کے تقریباً 200 اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں بیلسٹک میزائل ذخائر اور 30 سے زائد بحری جہاز تباہ کر دیے گئے۔

 

اقوام متحدہ کے مطابق جنگ کے دوران ایران میں 13 طبی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور تمام فریقین سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 

 ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال عالمی توانائی بحران اور بڑے سکیورٹی خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔