سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس کے ملازمین سول سرونٹس نہیں بلکہ پبلک سرونٹس ہیں

news-banner

پاکستان - 16 مارچ 2026

اسلام آباد میں سپریم کورٹ نے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ملازمین سول سرونٹس کی تعریف میں شامل نہیں ہوتے۔

 

 جسٹس عائشہ ملک کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے پنجاب سروس ٹربیونل کے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا اور حکومت کی اپیلیں منظور کر لیں۔

 

فیصلے کے مطابق پنجاب ایمرجنسی سروس کے ملازمین پبلک سرونٹس کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے سروس معاملات میں پنجاب سروس ٹربیونل کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔

 

 محض ادارے کا سرکاری محکمہ ہونا ملازمین کو خود بخود سول سرونٹ نہیں بناتا۔

 

 سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کے ملازمین 2007 کے علیحدہ قانونی فریم ورک اور رولز کے تحت ریگولیٹ ہوتے ہیں اور 2021 کی ترمیم کے بعد بھی یہ ادارہ ایک آزاد قانونی محکمہ کے طور پر کام کر رہا ہے۔

 

یہ فیصلہ اس پس منظر میں آیا کہ ریسکیو ڈرائیور محمد خلیل نے اپنے خلاف محکمانہ تادیبی کارروائیوں کو پنجاب سروس ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا، جہاں ٹربیونل نے نئے سرے سے انکوائری کا حکم دیا تھا، جبکہ حکومت پنجاب کا موقف تھا کہ ریسکیو 1122 کے ملازمین مخصوص قانونی ڈھانچے کے تحت پبلک سرونٹس ہیں۔