کلاؤڈ فلیئر کے سی ای او کا انتباہ: 2027 تک اے آئی بوٹس آن لائن انسانوں سے آگے نکل جائیں گے

news-banner

تازہ ترین - 21 مارچ 2026

 انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی کلاؤڈ فلیئر کے سربراہ میتھیو پرنس نے خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت کے بوٹس کی تعداد 2027 تک آن لائن انسانوں سے تجاوز کر جائے گی۔

 

ایک کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے میتھیو پرنس نے کہا کہ اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کے جیمینائی جیسے اے آئی چیٹ بوٹس کی مقبولیت نے گزشتہ چھ ماہ میں ویب ٹریفک میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اب انٹرنیٹ پر کون براؤز کر رہا ہے یا کیا کر رہا ہے اس کا جائزہ لینا انتہائی پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔

 

 پہلے تقریباً 20 فیصد ویب ٹریفک بوٹس کی تھی، جس میں گوگل سب سے بڑا تھا، لیکن ہیکرز، اسپیمرز اور دیگر مجرمان بھی اس میں شامل تھے۔

 

جنریٹو اے آئی کے عروج کے ساتھ ڈیٹا کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اور ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں 2027 تک انٹرنیٹ پر بوٹس کا ٹریفک انسانی ٹریفک سے بھی بڑھنے کی توقع ہے۔