دنیا - 28 مارچ 2026
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے، اربوں ڈالر فنڈز کی راہ ہموار
کاروبار - 28 مارچ 2026
اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت منظوری کے بعد پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ موسمیاتی پروگرام (آر ایس ایف) کے تحت تقریباً 21 کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق یہ رقم بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی مجموعی طور پر دونوں پروگرامز کے تحت مالی معاونت 4.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ حکومت نے مالی خسارہ کم کرنے، ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دینے اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے امداد بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں ہیں، تاہم مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور عالمی مالی حالات معیشت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر شرح سود میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔
حکومت نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، قابل تجدید توانائی کے فروغ، بجلی کے نظام کو مستحکم بنانے اور پرائمری سرپلس کے اہداف حاصل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
اس کے علاوہ گورننس بہتر بنانے، کرپشن کم کرنے، نجکاری جاری رکھنے اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان درمیانی مدت میں قرضوں میں کمی، ٹیکس نیٹ بڑھانے، اخراجات میں نظم و ضبط اور سماجی شعبوں جیسے صحت، تعلیم اور سوشل پروٹیکشن پر خرچ بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
دیکھیں

