ناظرین مجھے نیچرل گیٹ اپ میں ہی پسند کرتے ہیں، ایوب کھوسہ

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 01 اپریل 2026

سینئر اداکار ایوب کھوسہ ڈراما سیریل ہمراہی میں ’لالا‘ کے کردار سے مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس کردار کو شاندار ردعمل ملا ہے اور مختلف شہروں اور بیرونِ ملک سے مداحوں کی جانب سے تعریفی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

 

ایوب کھوسہ نے ہدایتکار بابر جاوید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام فنکاروں سے بہترین اداکاری کروائی اور ڈرامے کا معیار عالمی سطح کا ہے۔

 

انہوں نے دانش تیمور اور شہزاد نواز کی کارکردگی کو بھی سراہا، جنہوں نے اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرا، جس کے باعث ابتدائی دو اقساط کو سوشل میڈیا پر دو کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا۔

 

ایوارڈ یافتہ اداکار کا کہنا تھا کہ دو ہزار چھبیس ان کے لیے کامیابیوں کا سال ہے، ان کے کئی ڈرامے نشر ہو رہے ہیں جبکہ فلم آگ لگے بستی میں میں بھی ان کے کام کو سراہا جا رہا ہے۔ 

 

انہوں نے تابش ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بھی خوشگوار قرار دیا۔

 

اپنے گیٹ اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناظرین نے ان کے نیچرل انداز کو پسند کیا ہے۔ 

 

انہوں نے مختلف انداز اپنائے لیکن مداحوں نے انہیں لمبے بالوں میں زیادہ پسند کیا۔ 

 

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب ان کے بیٹے نے بھی لمبے بال رکھے تو انہوں نے کہا کہ یا تم رکھ لو یا میں رکھوں۔

 

انہوں نے بتایا کہ ہدایتکاری کا تجربہ مشکل تھا کیونکہ تمام فنکار تعاون نہیں کرتے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے اچھے نتائج حاصل کیے۔

 

ان کے مشہور ڈراموں میں چھاؤں، بھنور، ناخدا، دروازہ، دشت، پنجرہ، سسّی، آہن، کشکول، باغی، دھواں اور خدا زمین سے گیا نہیں شامل ہیں۔

 

فلموں میں انہوں نے خدا کے لیے، سلطنت، صفر دو ایک، یلغار، ویلکم ٹو کراچی، ہجرت، رویج آف دا ورتھ لیس اور آگ لگے بستی میں جیسی فلموں میں کام کیا۔

 

انہوں نے ڈراما جانو بھی لکھا اور اس میں مرکزی کردار ادا کیا، جس پر انہیں بہترین مصنف کا ایوارڈ ملا اور بعد میں اداکاری پر بھی ایوارڈ حاصل کیا۔