یو اے ای آبنائے ہرمز کھلوانے کی تیاری میں مصروف

news-banner

دنیا - 02 اپریل 2026

متحدہ عرب امارات ایران کے ساتھ کشیدگی کے بعد امریکا اور اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کو طاقت کے ذریعے کھلوانے کی تیاری کر رہا ہے، یہ انکشاف وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق امارات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کے لیے کوششیں کر رہا ہے تاکہ اس کارروائی کی منظوری حاصل کی جا سکے۔

 

 اماراتی سفارتکاروں نے امریکا، یورپ اور ایشیا کی عسکری قوتوں سے مشترکہ اتحاد بنانے پر زور دیا ہے۔

 

اماراتی حکام کے مطابق ملک نے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لیا ہے، جس میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور دیگر معاون اقدامات شامل ہیں۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امارات نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا ہے کہ امریکا کو خطے کے بعض جزائر، بشمول ابو موسیٰ جزیرہ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے، جو طویل عرصے سے ایران کے زیرِ قبضہ ہے جبکہ امارات بھی اس پر دعویٰ رکھتا ہے۔

 

عرب حکام کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک بھی ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دباؤ جاری رکھا جائے۔

 

رپورٹ کے مطابق بحرین، جہاں امریکی بحریہ کا اہم مرکز قائم ہے، اس قرارداد کی تیاری میں شامل ہے اور جلد اس پر رائے شماری متوقع ہے۔

 

یہ پیش رفت امارات کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے، کیونکہ جنگ سے پہلے وہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں مصروف تھا، اسی سلسلے میں علی لاریجانی نے ابوظبی کا دورہ بھی کیا تھا۔

 

اب امارات کا مؤقف ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب دکھائی دیتا ہے، جو اتحادی ممالک سے زیادہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق روس اور چین اس قرارداد کو ویٹو کر سکتے ہیں جبکہ فرانس متبادل مسودہ پیش کر رہا ہے، تاہم اگر قرارداد منظور نہ بھی ہوئی تو امارات آبنائے ہرمز کھلوانے کی کسی بھی کوشش میں شامل رہنے کے لیے تیار ہے۔