پاکستان - 02 اپریل 2026
یوٹیوب پر بچوں کیلئے اے آئی ویڈیوز محدود کرنے کا مطالبہ، ماہرین کا گوگل کو خط
تازہ ترین - 02 اپریل 2026
نیویارک میں 200 سے زائد ماہرین، تعلیمی اداروں اور تنظیموں نے گوگل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوٹیوب اور یوٹیوب کڈز پر بچوں کیلئے بنائی جانے والی اے آئی ویڈیوز کو محدود کرے۔
اس حوالے سے گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور یوٹیوب کے سربراہ نیل موہن کو باقاعدہ خط بھی لکھا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ویڈیوز زیادہ تر مالی فائدے کیلئے تیار کی جاتی ہیں اور بچوں کی توجہ، سیکھنے کی صلاحیت اور سماجی مہارتوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے مواد سے بچے حقیقت اور مصنوعی دنیا کے درمیان فرق کرنے میں الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
سوشل سائیکولوجسٹ جوناتھن ہائیڈٹ اور دیگر ماہرین نے خبردار کیا کہ کم معیار کی اے آئی ویڈیوز بچوں کے اسکرین ٹائم میں اضافہ کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ حقیقی زندگی کے تجربات سے دور ہو رہے ہیں جو ان کی ذہنی اور جذباتی نشوونما کیلئے ضروری ہیں۔
اگرچہ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ مصنوعی مواد کی نشاندہی کیلئے اقدامات کر رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق چھوٹے بچے ان نشانات کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جس سے یہ اقدامات غیر مؤثر ہو جاتے ہیں۔
ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی ذہنی، جذباتی اور سماجی ترقی کے تحفظ کیلئے اے آئی ویڈیوز پر سخت کنٹرول ناگزیر ہو چکا ہے۔
دیکھیں

