دنیا - 02 اپریل 2026
بلوچستان میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری میں نمایاں کمی، گڈ گورننس کے مثبت نتائج: سرفراز بگٹی
پاکستان - 02 اپریل 2026
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مؤثر مانیٹرنگ اور گڈ گورننس کے باعث صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اساتذہ و ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق شکایات میں نمایاں کمی آئی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران صوبے کے 36 اضلاع میں 412 کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں، جن میں مجموعی طور پر 3,675 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر تعلیمی اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے متعلق تھیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق مارچ کے مہینے میں 871 شکایات میں سے صرف 4 شکایات اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق تھیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو چکا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر حاضری میں کمی مؤثر اور بروقت انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے، جس سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، اور اب عوام کھلی کچہریوں میں دیگر سروس ڈلیوری مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کے سکولوں اور ہسپتالوں کو فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ اور ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے انجام دیں۔
دیکھیں

