افغانستان میں زلزلہ، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق

news-banner

دنیا - 04 اپریل 2026

افغانستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں دارالحکومت کابل کے بگرامی ضلع میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

 

حکام کے مطابق زلزلہ جمعے کی شام آیا جس کی شدت 5 اعشاریہ 8 اور گہرائی 181 کلومیٹر تھی۔ شدید جھٹکوں کے باعث بگرامی کے علاقے گوسفندرہ میں ایک رہائشی مکان منہدم ہو گیا۔

 

صوبائی ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے افراد شامل ہیں جن میں والدین، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

 

زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

 

 ماہرین کے مطابق اگرچہ گہرائی زیادہ ہونے کے باعث عموماً نقصان کم ہوتا ہے، تاہم کمزور اور کچے مکانات کی وجہ سے افغانستان میں نسبتاً کم شدت کے زلزلے بھی زیادہ نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔