جنگ بندی برقرار، ناکہ بندی کرینگے ایران تیل فروخت نہیں کر سکے گا، ٹرمپ،پوپ لیو کو مجرم قرار دیدیا

news-banner

تازہ ترین - 13 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم ناکہ بندی کی جا رہی ہے اور ایران اپنا تیل فروخت نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا سکتا۔

 

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت بہت خراب صورتحال میں ہے اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ ایران مذاکرات میں واپس آتا ہے یا نہیں۔

 

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی پیش گوئی ہے کہ ایرانی واپس آئیں گے اور امریکہ کی تمام شرائط مان لیں گے۔ امریکی صدر نے پاکستانی قیادت کو بھی سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو غیر معمولی شخصیات قرار دیا۔

 

ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر محدود فضائی حملوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

 

اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ اور ان کے مشیر ایران پر محدود حملے دوبارہ شروع کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق اس اقدام کو امن مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے ایک طریقے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسیحیوں کے پیشوا پوپ لیو کو جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر مجرم قرار دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایسا پوپ پسند نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پوپ نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسا پوپ نہیں چاہتے جو یہ کہے کہ جوہری ہتھیار رکھنا درست ہے، یا یہ کہ ہمارے شہروں میں جرائم قابلِ قبول ہیں۔

 

امریکی صدر نے مزید کہا کہ پوپ لیو ایک نہایت لبرل سوچ رکھنے والے فرد ہیں جو یہ نہیں سمجھتے کہ ایسے ملک کے ساتھ تعلقات نہیں رکھنے چاہئیں جو دنیا کو تباہ کرنے کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہو۔

 

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ پوپ لیو کے مداح نہیں ہیں اور ان کے خیال میں پوپ اچھا کام نہیں کر رہے، بلکہ خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔

 

یاد رہے کہ پاپائے روم لیو چہار دہم نے امریکہ سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا اور ٹرمپ کی دھمکیوں پر تنقید کی تھی۔ پاپائے روم نے اب لبنان پر حملے روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔