امریکی عوام موجودہ پیٹرول قیمتوں کو ترسیں گے،ایرانی سپیکر

news-banner

تازہ ترین - 13 اپریل 2026

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کے ممکنہ بلاک ایڈ منصوبے کا مزاحیہ انداز میں مذاق اڑاتے ہوئے سخت وارننگ جاری کر دی ہے کہ امریکی عوام جلد آج کی موجودہ پیٹرول قیمتوں کو ترسیں گے۔ 

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ تیل قیمتوں سے لطف اٹھائیں اس نام نہاد بلاک ایڈ کے بعد آپ کو 4 سے 5 ڈالر فی گیلن پیٹرول بھی سستا لگے گا۔ 

 

ایرانی اسپیکر نے اپنی پوسٹ میں ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وائٹ ہاؤس کے اردگرد موجود پیٹرول پمپس پر آج کے پیٹرول ریٹس لکھے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔ 

 

محمد باقر قالیباف نے اپنے پیغام کے ساتھ ایک ریاضیاتی فارمولا بھی شیئر کیا جس کے ذریعے انہوں نے اشارہ دیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھی تو تیل کی عالمی منڈی میں اس کے اثرات کئی گنا بڑھ سکتے ہیں۔

 

اپنے دورہ پاکستان اور جے ڈی وینس کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے قالیباف نے زور دیا کہ ’ہم نے شروع سے اعلان کیا ہے کہ ہمیں امریکیوں پر بھروسہ نہیں ہے۔

 

 ہماری بے اعتمادی کی دیوار 77 سال پرانی ہے اور انھوں نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں مذاکرات کے وسط میں ہم پر دو بار حملہ کیا۔ لہذا وہ وہی ہیں جنہیں ہمارا اعتماد حاصل کرنا چاہیے۔

 

 ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے بیانات اور آبنائے ہرمز کے بارے میں ان کے انتباہ کے جواب میں قالیباف نے کہا کہ اس طرح کی دھمکیوں کا ایرانی قوم پر کوئی اثر نہیں ہوتا، ہم نے ثابت کیا ہے کہ یہ نعرہ نہیں ہے اور دنیا نے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

 

 انھوں نے کہا کہ اگر آپ لڑیں گے تو ہم لڑیں گے اور اگر آپ منطق کے ساتھ آگے آئیں گے تو ہم منطق سے نمٹیں گے۔ ہم انھیں ایک بار پھر ایسی دھمکیوں کو آزمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔